لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کو سندھ کے تاج میں کوہ نور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 'مرسوں مرسوں کراچی نہ ڈیسوں'۔

نوڈیرو ہاؤس لاڑکانہ میں منائی گئی دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کو ترقی پسند ملک بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں تباہی پھیلانے کے بعد انتہا پسندوں کی نظریں اب سندھ پر مرکوز ہیں، لیکن پیپلز پارٹی اس کا ہر ممکن دفاع کرے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی ظلم ہوتا ہے تو لیڈر مظلوموں کی زبان اور آواز بن جاتے ہیں۔

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے بلاول بھٹو زرداری کے اس تازہ بیان پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

رابطہ کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی کے ہر دور میں کراچی دشمن فیصلے کیے جاتے رہے اور اب بلاول کس منہ سے کراچی کی بات کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ایم کیو ایم سندھ کے غریب ہاریوں کو غلامی سے نجات دلائے گی۔

رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ متحدہ اپنا حق ہر صورت لے کر رہے گی۔

اس بیان میں ایم کیو ایم نے ملک میں تین نئے صوبوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

خیال رہے کہ 18 اکتوبر کو کراچی میں ہونے والے جلسے میں چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کی الطاف حسین پر تنقید کے بعد متحدہ نے اگلے ہی روز سندھ حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا۔

ناصرف سندھ میں، بلکہ گزشتہ روز آزاد کشمیر میں بھی پیپلز پارٹی کی حکومت سے ایم کیو ایم علیحدگی کا اعلان کرچکی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں