پی ٹی آئی کے استعفوں کا معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوانے کا اعلان

چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق    ۔(فائل فوٹو)۔
چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ۔(فائل فوٹو)۔

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ارکان قومی اسمبلی نے انفرادی طور پر پیش ہونے سے انکار کیا، اب استعفوں کا معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوائیں گے۔

قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ دو ماہ سے استعفوں کے معاملے پر اپنی ذمہ داری ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہوں مگر بعض وجوہات کے باعث استعفوں کی تصدیق کا عمل مکمل نہیں ہو سکا۔


مزید پڑھیں : تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی سے مستعفی


ان کا کہنا تھا کہ شفاف انداز سے استعفوں کی تصدیق کرنا چاہتا تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ استعفوں کی تصدیق آئینی فرض ہے،تصدیق کرنی ہے کہ استعفےاصل ہیں یا نہیں اب چانکہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے تو الیکشن کمیشن کو معاملے سے تحریری طور پر آگاہ کروں گا۔


مزید پڑھیں : استعفی کی تصدیق کے لیے تحریک انصاف کے ارکان کو حتمی نوٹس


ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ارکان کو صبح 11 بجے استعفوں کی تصدیق کے لیے طلب کیا تھا مگر دن 2بجے 33 میں 25 ایم این اے آئے۔

ایاز صادق نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر، سیکریٹری اور ایڈیشنل سیکریٹری نے متعدد بار ان ارکان کو انفرادی طور پر اسپیکر کے چیمبر میں جا کر استعفوں کی تصدیق کی درخواست کی مگر انہوں نے تصدیق کے بجائے ڈپٹی اسپیکر کو کہا کہ اسپیکر لاونج میں پیش ہو کر استعفوں کی تصدیق کر لیں۔


مزید پڑھیں : تحریک انصاف کا اسپیکر کے سامنے پیش ہونے کا اعلان


انہوں نے کہا کہ میری ذمہ داری ہے کہ استعفوں کی تصدیق کروں کہ کونسے حقیقی استعفے ہیں اور یہ تصدیق انفرادی ملاقات میں ممکن ہے ہجوم میں تصدیق کرنا ممکن نہیں ہے۔

ایاز صادق نے کہا کہ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی نے انفرادی طور پر کیوں استفعوں کی تصدیق نہیں کروائی اس کی وجوہات پی ٹی آئی اور میڈیا جانتے ہیں۔


مزید پڑھیں : ہم انتظار کرتے رہے، اسپیکر نہیں آئے، پاکستان تحریک انصاف


قومی اسمبلی کے اسپیکر نے کہا کہ انفرادی تصدیق نہ ہونے سے اب ایک ہی راستہ بچا ہے کہ الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر آگاہ کر دوں گا کہ استعفوں کے معاملے پر کیا ہوا۔

ایاز صادق کے مطابق وہ صبح 11 سے شام 6بجے تک استعفوں کی تصدیق کے لیے چیمبر میں موجود تھے۔


ویڈیو : استعفوں کی تصدیق میں اسپیکر تاخیر کررہے ہیں، شیریں مزاری


واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پی ٹی آئی اراکین کو استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے 29 اکتوبر تک کا نوٹس جاری کرتے ہوئے اجتماعی طور پر طلب کیا تھا۔

تحریک انصاف کے 33 اراکین نے 22 اگست کو قومی اسمبلی میں استعفے جمع کروائے تھے جس کی تصدیق کی حتمی تاریخ 17 اکتوبر تھی مگر کوئی بھی رکن تصدیق کے لیے اسپیکر کے سامنے پیش نہیں ہوا۔

پی ٹی آئی کے سابق صدر جاوید ہاشمی نے البتہ قومی اسمبلی میں کھڑے ہو استعفی کا اعلان کیا جن کو ضنی انتخابات میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار عامر ڈوگر سے شکست ہو گئی تھی۔

تحریک انصاف نے 29 اکتوبر کو اسپیکر کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

25 اکتوبر کو کیے گئے اعلان میں شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ 29 اکتوبر کو مستعفی اراکین اکٹھے اسپیکر کے سامنے پیش ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں