کراچی کے مصروف علاقے حیدری کے ایک شاپنگ سینٹر کے باہر دو بم دھماکوں میں تباہ ہونے والی موٹر سائیکل بھی نظر آرہی ہے جس پر بم نصب کیا گیا تھا۔ اے ایف پی تصویر

کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں دھماکوں سے آٹھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کی ابتدائی رپورٹس کے مطابق کراچی کے گنجان رہائشی وتجارتی علاقے حیدری میں واقع شاپنگ سینٹر میں یکے بعد دیگر دو دھماکے ہوئے جن میں چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

علاقے کے قریب واقع عباسی شہید ہسپتال کے ڈاکٹرمحمد شفقت کے مطابق ہسپتال میں چار لاشیں لائی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دھماکہ حیدری میں واقع ڈالمین مال کے قریب ہوا جس کے اندر اور اطراف میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ہسپتال اور پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک شدگان میں ایک بچہ  اور ایک خاتون بھی شامل ہے ۔

پولیس افسراعظم خان کے مطابق شام کے مصروف ترین اوقات میں ایک کے بعد ایک دو دھماکے ہوئے ۔

ڈان نیوز کے مطابق ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ پہلا دھماکہ موٹرسائیکل میں نصب بم پھٹنے سے ہوا جبکہ دوسرا دھماکہ اس سے ایک سو فٹ دور ایک درخت کے ساتھ ہوا۔ ابتدائی انکشافات کے مطابق دونوں دھماکوں میں ریموٹ کنٹرول ڈیوائس استعمال کیا گیا تھا جس سے مجموعی طور پر آٹھ تا دس کلوگرام بارود کو دھماکے سے اُڑایا گیا۔

پولیس نے دھماکے کی جگہ کو بند کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

دھماکے سے قریبی پارکنگ میں موجود کئی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

دھماکے کے بعد رینجرز کا ایک اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہے۔ اے ایف پی تصویر

ابتدائی تحقیقات کے تحت دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل تین ستمبر کو کراچی کے علاقے لائنز ایریا سے چھینی گئی تھی۔

دھماکوں کے بعد کراچی میں پولیس اور رینجزر کو چوکس رہنے کے ساتھ ساتھ پولیس کو حساس علاقوں میں گشت کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔

دوسری جانب صدرآصف زرداری نے کراچی بم دھماکوں پر صوبائی حکومت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Syed Sep 19, 2012 03:59am
طالبان جیسے “شجرہ خبیثہ” کو خلق کرنے والی فورسز نے طالبان کے اجزائے ترکیبی میں اہم جزو “شیعہ دشمنی” رکھا ہے، گڈ طالبان، بیڈ طالبان، اینٹی پاکستان، پرو پاکستان۔۔۔ طالبان سب کے سب شیعہ دشمنی کے ایجنڈے پر اکٹھے نظر آتے ہیں۔ طالبان نوازی کی پالیسی کا سب سے زیادہ تاوان شیعہ قوم نے ادا کیا ہے، آخر کب تک اِس مبینہ “اِسٹریٹیجک ایسیٹس” کے نام پر ملک میں فرقہ واریت کا بازار گرم رکھا جائے گا۔۔۔؟ اِن مبینہ “اِسٹریٹیجک ایسیٹس” کی وجہ سے وہ کونسی آفت ہے جو پاکستان پر نہیں ٹوٹی، پاکستانی عوام آخر کب تک اِن غلط پالیسیوں کا خراج دیتی رہے گی۔۔۔ آخر کب تک؟