مک کلم نے سات چھکوں اور گیارہ چوکوں کی مدد سے اٹھاون گیندوں پر ایک سو تیئس رنز بنائے جو ٹی ٹوئنٹی کا ایک انوکھا ریکارڈ ہے۔ اے پی تصویر

پالا کیلے: برینڈن مک کلم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کسی بھی انفرادی بلے باز کے ذیادہ سے ذیادہ رنز بنانے کا ایک نیا ریکارڈ قائم کرکے بنگلہ دیش کے مقابلے میں نیوزی لینڈ کو شاندار فتح سے ہمکنار کرادیا۔

تیس سالہ رائٹ ہینڈ بیٹسمین نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے سات چھکے، گیارہ چوکے لگاتے ہوئے اٹھاون گیندوں پر رنز کا ڈھیر لگاتے ہوئے ایک سو تیئس رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ نے مجموعی طور پر تین کھلاڑیوں کے نقصان پر مقررہ اوورز میں ایک سو اکیانوے رنز بنائے۔

مک کلم کی بیٹنگ نے بنگلہ دیش کی امیدوں کو اس وقت چکنا چور کردیا جب بیس اوورز میں ایک سو بتیس پر ان کے آٹھ کھلاڑی میدان سے نکال باہر کئے گئے۔

ناصر حسین نے زورِ بازو دکھانے کی بہت کوشش کی اور انہوں نے انتالیس گیندوں پر پچاس رنز بنائے جس میں چھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جبکہ اوپنر محمد اشرفل نے صرف اکیس رنز کا اضافہ کیا۔ شکیب گیارہ رنز بناکر دوبارہ پویلین آگئے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان روس ٹیلر نے مک کلم کی تاریخی بیٹنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فتح انہیں مزید تقویت فراہم کرے گی۔

بنگلہ دیشی کپتان مشفق الرحیم بھی مک کلم کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے اور کہا کہ ہم اپنی صلاحیتوں کو سامنے رکھتے ہوئے مستقبل کیلئے نئ حکمتِ عملی مرتب کریں گے ۔

اننگز کے آخری اوور میں مک کلم نے دو چھکے جوڑ کر جنوبی افریقہ کے رچرڈ لیوی کے اس ریکارڈ کو توڑ دیا جو انہوں نے اس سال کے اوائل میں نیوزی لینڈ کے خلاف بنایا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں