چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری۔ فوٹو آن لائن

کراچی: چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ دہشت گردی پوری دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے جس سے پاکستان بھی متاثر ہے، انہوں نے کہا کہ دہشت گردانہ کارروائیاں فنڈنگ کے بغیر نہیں ہو سکتیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے کراچی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی کاروائیاں فنڈنگ کے بغیر نہیں ہوسکتیں۔ دہشتگردوں کی فنڈنگ پر بھی نظر رکھنی چاہیے ہے خصوصاً انٹرنیٹ کے ذریعے دہشت گردوں کی فنڈنگ پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔

افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ سائبر کرائم دہشت گردی کی خطرناک قسم ہے اور اب موبائل فون بھی دھماکوں میں استعمال کیے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کے ججوں نے ہر محاذ پر دہشت گردی کیخلاف آواز بلند کی۔

چیف جسٹس آف پاکستان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف مقدمات میں وکلا کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور عقیدہ نہیں ہوتا اور وہ صرف اپنے مقاصد کا حصول چاہتے ہیں۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی پوری دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے اور نائن الیون کے بعد سے دنیا کو نئی قسم کی دہشت گردی کا سامنا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ریاست اور ادارے بھی لسانی،مذہبی اور فرقہ وارانہ دہشت گردی کا شکار ہورہے ہیں۔ پاکستانی قوم انصاف کی سربلندی پر یقین رکھتی ہے اور دہشت گردی کیخلاف پوری قوم متحد ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں