میچ کے بعد جے وردھنے اور کرس گیل ہاتھ ملاتے ہوئے۔ – اے ایف پی

پالی کیلے: آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ہفتہ کے روز کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو نو وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنلز میں پہنچنے کی راہ ہموار کر لی۔

پالی کیلے میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو انتیس رنز بنائے۔

ٹی ٹوئنٹی کے سب سے خطرناک بیٹسمین تصور کئے جانے والے کرس گیل اس بار اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور صرف دو رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

سیمیولز نے ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی جبکہ براوو چالیس رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔

سری لنکا کی جانب سے اجانتھا مینڈس نے صرف بارہ رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کو پہلی وکٹ کا نقصان جلد اٹھانا پڑا جب دلشان تیرہ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے لیکن پھر جےوردنے اور سنگاکارا نے کسی ویسٹ انڈین بالر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے کھل کر شاٹس کھیلے اور مزید کوئی وکٹ گنوائے بغیر ہدف حاصل کر لیا۔

جےوردنے پینسٹھ جب کہ سنگاکارا انتالیس رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں