وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر خان ہوتی جنہوں نے ملالہ پر حملہ کرنیوالوں کی نشاندہی پر انعام کا اعلان کیا ہے۔ فائل فوٹو

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر خان ہوتی نے ملالہ یوسف زئی پر حملے میں ملوث افراد کی نشاندہی کرنے پر 1 کروڑ روپے کا اعلان کر دیا۔

ڈان نیوز کے نمائندے ظاہر شاہ کے مطابق پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں میاں افتخار نےبتایا کہ وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے ملالہ پر حملے کے ملزم کی نشاندہی پر ایک کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملالہ کا آپریشن ہو گیا ہے، اس کی حالت پہلے سے بہتر ہے اور اسے بیرون ملک بھجوانے کی ضروت نہیں۔ آئندہ دو دن ملالہ کی صحت کے حوالے سے اہم ہیں جبکہ ان کو 48گھنٹے بے ہوش رکھا جائے گا۔

میاں افتخار کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کی کمی کا تاثر غلط ہے، ہمارے پاس دنیا کے بہترین نیورو سرجن موجود ہیں جو خطے میں جاری دہشت گردی کی کارروائیوں کے باعث نیورو سرجری کے ایسے کیسز کے علاج میں مہارت رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملالہ یوسف زئی کے خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

میاں افتخار کا کہنا تھا کہ صوبے کو دہشت گردی کا سامنا ہے، تمام لوگوں کو سیکیورٹی دینا مشکل ہے مگر اہم افراد کو سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے جبکہ امن کے لئے آواز اٹھانے والوں کے لیے سیکیورٹی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حملہ آوروں کی شناخت ہو گئی ہے اور وہ کہیں نہیں بھاگ سکتے۔

انہوں نے کہا تھا کہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

یاد رہے کہ منگل کو سوات میں ملالہ یوسف زئی کی اسکول بس میں ان پر حملہ کیا گیا تھا اور وہ فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئی تھیں جبکہ ان کے ساتھ ساتھ ان کی دو سہیلیاں بھی زخمی ہوئی تھیں۔

واضح رہے کہ تحریک طالبان نے اس حملے کی ذمے داری قبول کرتےہوئے بیان دیا تھا کہ اگر ملالہ یوسف زئی بچ گئیں تو انہیں دوبارہ نشانہ بنایا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں