shahbaz-670
وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف. — فائل فوٹو

لاہور: وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف کے داماد علی عمران کو ایک بیکری ملازم پر تشدد کے کیس میں چودہ دن کے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا گیا ہے۔

علی عمران کو آج سخت حفاظتی انتظامات میں لاہور کینٹ کی کچہری میں لایا گیا جہاں ان کا عدالتی ریمانڈ جاری کیا گیا۔

واضح رہے کہ عمران گزشتہ روز تھانہ میں تفتیش کے لیے پیش ہوئے تھے تاہم پولیس نے انہیں دفعہ 109کے تحت اعانتِ جرم کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف نے انتظامیہ کو ہدایات جاری کی تھیں کہ ان کے داماد کو بھی تفتیش میں شامل کیا جائے۔

علی عمران نے ایس پی انوسٹی گیشن کے سامنے موقف اختیار کیا تھا کہ بیکری ملازم پر تشدد کرنے والے ان کے سرکاری گارڈز تھے ۔

گزشتہ ہفتے پیش آنے والے واقعے کی سی سی ٹی وی وڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر منظرعام ہونے کے بعد ایلیٹ فورس کے سات اہلکاروں سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

تاہم  فریقین میں صلح ہونے کے بعد سیشن کورٹ نے تمام ملزموں کی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے چالیس چالیس ہزارروپے  کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

وڈیو کے مطابق شہباز شریف کی صاحبزادی کی بیکری کے ملازم سے مبینہ تکرار کے بعد ان کے سیکورٹی اہلکاروں نے ملازم کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں