عراق میں ایک بم دھماکے کی فائل تصویر۔ اے پی فوٹو

بغداد: جمعے کے روز زیارت کیلئے آنے والے چار افراد اس وقت ہلاک ہوگئے جب جنوبی ایشیا کے زائرین سے بھری ہوئی ایک بس پر نامعاوم حملہ آوروں کی جانب سے بم دھماکے کے بعد  فائرنگ کردی گئی۔  ۔ اس واقعے میں گیارہ افراد زخمی بھی ہوئے۔

یہ منظم حملہ جمعرات کے دن کے اختتام پر پیش آیا اور بلاد نامی شہر میں یہ واقعہ رونما ہوا۔ طبی عملے اور سیکیورٹی اہلکاروں کے مطابق ہلاک ہونے والے چاروں افراد کا تعلق پاکستان سے ہے جبکہ پاکستانی سفارتخانے سے فوری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

بلاد کے مرکزی دروازے پر روڈ کیساتھ نصب بم پھٹا اور اس سے پہلے کہ وہ بس آگے بڑھتی حملہ آوروں نے اس پر فائرنگ کردی۔ بلاد کے ایک پولیس لیفٹننٹ اورایک ڈاکٹر کے مطابق چار زائرین ہلاک ہوئے ہیں جن کا تعلق پاکستان سے ہے اور اس حملے میں گیارہ افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک شدگان میں سب مرد شامل ہیں۔،

عراق میں کئی ایسے مقدس مقامات ہیں جہاں دنیا بھر سے شیعہ مسلمان زیارت کیلئے آتے ہیں لیکن اکثر انہیں سنی شدت پسندوں کی جانب سے نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔

عراق میں دوہزار چھ اور دوہزار سات میں تشدد عروج پر تھا جس میں دسیوں ہزاروں افراد لقمہ اجل بنے تھے تاہم عراق میں اب بھی بم دھماکے اور فائرنگ کے واقعات عام ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں