وزیرِخارجہ حناربانی کھر۔ —فائل تصویر

اسلام آباد: اطلاعات کے مطابق پاکستان نےافغانستان میں روپوش پاکستان تحریک طالبان سوات کے چیف مولوی فضل اللہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔

فضل اللہ سوات میں فوجی آپریشن کے بعد افغان  صوبے کنڑ میں روپوش ہو گئے تھے۔

ٹی وی چینلز نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے  یہ مطالبہ اتوار کی رات امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے پاکستان اور افغانستان مارک گراسمین کے ساتھ ایک ملاقات میں کیا  تھا۔

کھر نے گرامسین پر زور دیا تھا کہ وہ افغانستان پر مولوی فضل اللہ کو حوالے کرنے کے لیے دباؤ ڈالیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فضل اللہ پاکستانی سرحد سے ملحقہ افغان علاقے میں روپوش ہیں اور ان کے ساتھی وقتاً فوقتاً پاکستان کی دیر، چترال اور دوسرے علاقوں میں موجود فوجی چیک پوسٹوں پر حملے کرتے ہیں۔

ٹی وی چینلز کے مطابق وزیر خارجہ نے امریکی  نمائندے کو بتایا کہ فضل اللہ پاکستان میں سرحد پار حملوں میں مُلوث ہیں اور ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ملالئے یوسف زئی پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں