امریکی صدر بارک اوباما سیکریٹری دفاع اور سی آئی اے سربراہ کیلیے نامزدگیوں کا اعلان کر رہے ہیں، ان کے برابر میں نامزد امیدوار چک ہیگل اور جان برینن موجود ہیں۔ فوٹو اے پی۔۔۔

واشنگٹن: امریکہ کے صدر بارک اوباما نے سابق سینیٹر ری پبلیکن سینیٹر چک ہیگل کو سیکریٹری دفاع اور انسداد دہشت گردی کے مشیر جان برینن کو سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی(سی آئی اے) کے سربراہ کے عہدے کیلیے نامزد کر دیا ہے۔

ہیگل کو کانگریس میں ری پبلک ارکان کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے جن کا کہنا ہے کہ ہیگل اسرائیل مخالف اور ایران کیلیے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔

سی آئی اے میں 25 سال سے ملازمت پر مامور برینن نے جارج ڈبلیو بش کے دور حکومت میں سی آئی اے کے متنازع تفتیشی طریقہ کار اور اس میں ان کے کردار پر شدید تنقید کیے جانے پر 2008 میں سی آئی اے کا سربراہ بننے سے انکار کردیا۔

امریکی صدر بارک اوباما نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہیگل پر تنقید کے حوالے سے کہا کہ ہیگل اچھی طرح یہ بات جانتے امریکا اپنے دوستوں اور اتحادیوں کے ساتھ کھڑے رہنے کی صورت میں ہی مضبوط ہو سکتا ہے۔

ہیگل جنہوں نے عراق جنگ میں اپنی پارٹی ری پبلیکن پر شدید تنقید کی تھی اور اسکے بعد اپنی پارٹی سے تعلق توڑ لیا تھا، کے بارے میں اوباما نے کہا کہ اس عمل کی وجہ سے مجھ سمیت قومی سلامتی اور فوجی رہنما، ری پبلیکن اور ڈیموکریٹس ان کی نہایت عزت کرتے ہیں۔

انہوں نے ہیگل کو امریکی محب وطن قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی نیشنل سیکیورٹی کی ٹیم میں ایسے ہی لوگوں کی ضرورت ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں