حیدرآباد کے ایک تجارتی علاقے میں وزیرِ اعظم کی گرفتاری کی اطلاعات کےبعد مظاہرین نے موٹر سائیکل کو آگ لگائی ہوئی ہے۔ اے ایف پی تصویر
حیدرآباد کے ایک تجارتی علاقے میں وزیرِ اعظم کی گرفتاری کی اطلاعات کےبعد مظاہرین نے موٹر سائیکل کو آگ لگائی ہوئی ہے۔ اے ایف پی تصویر

کراچی: سپریم کورٹ کی جانب سے وزیرِ اعظم گرفتار کرنے کے احکامات کے بعد ملک بھر اور خصوصاً سندھ کے کئی شہروں میں احتجاج جاری ہے۔

کراچی کے کئی علاقوں میں فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کے بعد ان علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ڈالمیا، شاہراہِ فیصل اور دیگر علاقوں میں مظاہرین نے فائرنگ کی اور ٹائر جلائے۔ کراچی کی مشہور بولٹن مارکیٹ اور اس سے وابستہ اہم تجارتی مراکز بھی بند کرادئے گئے۔

کراچی میں جامعہ کلاتھ اور اطراف کی مارکیٹیں بھی بند کرادی گئی ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کراچی میں ٹاور کے مقام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ اور ہنگامہ آرائی سے علاقے میں ٹریفک جام ہوگیا ہے۔

دوسری جانب ماڑی پور روڈ پر بھی پتھراؤ اور جلاؤ کے واقعات ہوئے ہیں۔ کراچی میں شارع فیصل پر اس وقت شدید ٹریفک جام ہوگیا جب ڈنڈا بردار افراد نے دونوں ٹریکس پر جلاؤ گھیراؤ کیا ۔ دوسری جانب ٹریفک جام کے دوران لوٹ مار کے واقعات کی بھی اطلاعات ہیں۔

لاڑکانہ ، دادو، شہداد پور اور دیگر شہروں میں فائرنگ ، ٹائرجلانے اور احتجاج کے بعد اہم کاروباری مراکز کے بند ہونے کی اطلاعات ہیں۔

سکھر میں پیپلز پارٹی کے کارکن بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجی مظاہرے کئے۔

تبصرے (0) بند ہیں