۔۔۔۔فائل فوٹو۔
۔۔۔۔فائل فوٹو۔

کراچی: چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم کی یقین دہانی کے بعد کراچی میں صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تین روزہ احتجاجی دھرنا ختم کردیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق، چیف الیکشن کمشنر نے منگل سے کراچی میں ووٹوں کی تصدیقی عمل میں فوج اور ایف سی اہلکاروں کو شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

تاہم اپوزیشن جماعتوں نے حلقہ بندیوں اور انتخابات کے موقع پر پولنگ اسٹیشنوں میں فوج کی تعیناتی کے مطالبے کیساتھ احتجاجی تحریک جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

اس سے قبل جماعت اسلامی کے رہنما محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ جب تک کراچی میں حلقہ بندیوں اور انتخابات میں پولنگ اسٹیشنوں میں فوج کی تعیناتی کی یقین دہانی نہیں کرائی جاتی اس وقت تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔

دھرنے سے جعیت علماء اسلام ف کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ این آر او زدہ حکمران صاف اور شفاف انتخابات کے حق میں نہیں ہیں جبکہ عدالت عظمٰی کے احکامات کو نظر انداز کیاجارہا ہے۔

 دوسری جانب ایم کیوایم حقیقی کے چیئرمین آفاق احمد نے فخرالدین جی ابراہیم سے ملاقات کی اور انتخابی فہرستوں میں دھاندلی کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں