ایمریٹس ایئر لائن نے پشاورکیلئے آپریشن بند کردیا

اپ ڈیٹ 25 جون 2014
فوٹو: ظاہر شاہ شیرازی
فوٹو: ظاہر شاہ شیرازی
---- اے ایف پی فوٹو
---- اے ایف پی فوٹو

پشاور: دبئی کی فضائی کمپنی ایمریٹس نے باچا خان ایئرپورٹ پر لینڈنگ حملے کے بعد پشاور کے لئے اپنا آپریشن بند کردیا ہے۔

منگل اور بدھ کی درمیانی شب باچا خان ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی فلائٹ 756 پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی تھی۔

ڈان ڈاٹ کام کو ای میل کے ذریعے ایمریٹس ایئرلائں کے ترجمان نے بتایا کہ یہ فیصلہ مسافروں اور عملے کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پشاور کے لیے آپریشن غیرمعینہ مدت تک بند کردیا گیاہے اور یہ فیصلہ 25 جون سے قابل عمل ہوگا۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد آج پشاور سے دو پروازوں کا رخ اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔


مزید پڑھیں: کیتھے پیسفک کا پاکستان کیلئے پروازیں بند کرنے کا اعلان


سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ابو ظہبی سے آنے والی اتحاد ایئرویز کی فلائٹ اسلام آباد میں لینڈ کرے گی جبکہ کوالا لمپور سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز نمبر 895 لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔

سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فلائٹس کا رخ سیکورٹی خدشات کی بنا پر موڑا گیا ہے اور کلیئرنس کے بعد معمول کی پروازیں شروع کردی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے باچا خان ایئرپورٹ کی سیکورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے۔

سول ایوی ایشن کے ترجمان عابد قائم خانی کے مطابق اتحاد ایئرویز کی فلائٹ کا رخ نہیں موڑا گیا بلکہ مسافروں کی تعداد کم ہونے کے باعث راولپنڈی اور پشاور کی فلائٹ کو یکجا کر دیا ہے اور اب یہ فلائٹ اسلام آباد میں لینڈ کرے گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ سی اے اے نے پشاور ایئرپورٹ پر مزید سیکیورٹی فراہم کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ رات سے معطل رہنے والی فلائٹ سروس آج صبح شاہین ایئرلائن کے جہاز کی باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد بحال ہو گئی تھی۔


پشاور: پی آئی اے کی فلائٹ پر فائرنگ، خاتون ہلاک


سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے پشاور آنے والی ایک پرواز پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک ہوگئیں۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے ترجمان کے مطابق طیارے پر فائرنگ لینڈنگ کے دوران کی گئی۔

انہوں نے کہا فائرنگ کے واقعے سے متاثر ہونے والے طیارے پی کے سات سو چھپن میں تقریباً 196 مسافر سوار تھے۔

ان کے مطابق ابتدائی رپورٹ آنے کے بعد طیارے کو پہنچنے والے نقصان کا پتا چلے گا۔

ایس ایس پی آپریشن مجیب الرحمان کے مطابق طیارے کو پانچ گولیاں لگیں جبکہ مجموعی طور پر 12 گولیاں فائر کی گئیں۔

ڈان نیوز کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے کے بعد ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشنز معطل کردیے گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق فائرنگ سے پرواز کے فلائٹ اسٹیورڈ اور دو مسافر زخمی ہوگئے ہیں

وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے واقعے میں خاتون کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے میں فائرنگ ہونا 'معمول' کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے بعد اصل صورتحال سامنے آئے گی جبکہ 2012ء میں بھی اسی طرح کا حملہ کیا گیا تھا۔

وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ ایئرپورٹ کے اندر سےفائرنگ نہیں کی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد پشاور ایئرپورٹ کے اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں