فلسطین پر عالمِ اسلام کی خاموشی مجرمانہ ہے: سراج الحق

22 جولائ 2014
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق—۔فائل فوٹو
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق—۔فائل فوٹو

پشاور: امیر جماعت اسلامی اور خیبر پختونخواہ کے سینئر وزیر سراج الحق نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعہ کے دن یوم عزم اور یوم اظہار یکجہتی منانے کا اعلان کیا ہے۔

ڈان نیوز ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق پشاور پریس کلب میں معذور افراد کو الخدمت فاؤنڈیشن اور مسلم ایڈ کی جانب سے ویل چیئرز کی تقسیم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الجق کا کہنا تھا کہ فلسطین میں جاری بربریت اور ظلم کے خلاف جمعے کا دن یوم اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ مسلم ملکوں کے سربراہوں کو خط لکھنے سمیت وزیراعظم نواز شریف سے بھی رابطہ کر رہے ہیں تاکہ وہ اس سلسلے میں آگے بڑھیں اور تمام اسلامی ممالک کے سربراہوں کو فلسطین کے حوالے سے اکھٹا کریں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ہربچہ قبلہ اوّل کے لیے مرمٹنے کو تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کے معاملے پرعالم اسلام نے مجرمانہ خاموشی اختیارکی ہے، جبکہ اقوام متحدہ خود مجرموں اور کفن فروشوں کا ٹولہ ہے۔

چودہ اگست کو تحریک انصاف کے جلسے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جلسہ تحریک انصاف کا حق ہے اور اس پر پابندی نہیں لگانی چاہئیے، تاہم تحریک انصاف نے جلسے کے لیے اُن سے مشاورت نہیں کی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں