غزہ: اسرائیلیوں نے حماس کی قابلیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقابلہ ایک مضبوط دشمن سے ہے۔

فلسطین میں اسرائیل کی جانب سے چار روز سے زمینی کارروائی جاری ہے جبکہ اس سے قبل فضائی حملے بھی کیے گئے تاہم ابھی تک اسرائیلی فوج علاقے کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

حماس کے جنگجوؤں نے پچھلی تمام لڑائیوں کے مقابلے میں اسرائیلی فوج کو اس تنازعے میں سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ حماس کی جانب سے سرنگوں، بارودی سرنگوں اور اسنائپرز کا استعمال کیا جارہا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹینینٹ کرنل پیٹر لرنر نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ حماس کے جنگجو تربیت یافتہ ہیں، ان کے پاس سپلائز کی کوئی کمی نہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں۔ ہمارا مقابلہ ایک مضبوط دشمن سے ہے۔

انہوں نے کہا 'ہمیں اس حوالے سے حیرت نہیں کیوں کہ ہم جانتے تھے کہ وہ اس جنگ کے لیے تیاری کررہے ہیں۔ انہوں نے سرنگوں میں گزشتہ دو، تین سال کے دوران سرمایہ کاری کی ہے لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ انہوں نے گزشتہ آٹھ سال کے دوران زیر زمین غزہ قائم کردیا ہے۔'

آف دی ریکارڈ گفتگو کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے ایک افسر نے کہا کہ انہوں نے ہم پر ہر طرح سے حملہ کیا ہے۔ ہم گھات لگاکر حملے کیے گئے ہیں اور میزائل بھی داغے گئے ہیں جبکہ گدھوں اور کتوں کے ذریعے بھی ہم پر حملے کیے جارہے ہیں۔ یہ ایک مشکل چیلنج ہے۔

سرنگوں کا استعمال کرتے ہوئے حماس کے جنگجوؤں نے اب تک 32 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کیا ہے جو کہ گزشتہ اسرائیل فلسطین تنازعے کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ سترہ روز سے جاری جارحیت کے نتیجے میں اب تک 718 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 80 فیصد افراد عام شہری ہیں۔

تبصرے (4) بند ہیں

Syed Jul 25, 2014 04:30am
Giving these news with no name are part of propaganda to provide escalation in attacks. Old trick to fool audience.
Naqui kazi Jul 26, 2014 10:04am
Arab mumalik ko is mamle me bolna chahiye ye saraser zulm hai jis mei masum bacche aur aurte halaq hovi hai allah musalman ki madad farmay ameen
ہارون شہزاد Jul 26, 2014 12:08pm
یہ تمام الفاظ حماس کی تعریف کے لئے نہیں، بلکہ دنیا کو یہ باور کروانے کے لئے ہیں کہ ہماری "جنگ" کسی کمزور سے نہی‍ں بلکہ ہمارے ہی جیسے مظبوط حریف سے ہے، اور مقابلہ برابری کا چل رہا ہے
یمین الاسلام زبیری Jul 27, 2014 01:59am
@Syed:سید صاحب یہ خبر رائٹر نے جاری کی ہے. رائٹر ایک بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی ہے. اگر کسی کو بھی شک ہے تو رائٹر کی ویب گاہ پر تصدیق کرسکتا ہے. اخبار میں عموما خبر رساں ایجنسیوں کا نام دیا جاتا ہے، جو کہ اوپر لکھا ہوا ہے، خبر لکھنے والے کا نہیں. ویسے بھی اگر اسرائلی قائل نہیں ہوئے تو کیا ہوا ہم تو ہوگئے. حقیقت ہے کہ حماس نے، اس کے حالات کو دیکھتے ہوئے، خوب مقابلہ کیا ہے.