ایران نے اسرائیلی ڈرون مار گرایا

24 اگست 2014
ایرانی جوہری مرکز نتانز— اے پی فوٹو
ایرانی جوہری مرکز نتانز— اے پی فوٹو

تہران : ایران نے اپنے ایک جوہری مرکز کے قریب ایک اسرائیلی ساختہ اسٹیلتھ ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایران کے پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق" صہیونی ریاست کا ایک جاسوس ڈرون میزائل کے ذریعے مار گرایا گیا ہے، یہ اسٹیلتھ جاسوس طیارہ نتانز جوہری علاقے میں داخلے کی کوشش کررہا تھا"۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ اقدام صہیونی حکومت کی نئی مہم جوئی کا اظہار کرتا ہے، پاسداران انقلاب اور دیگر مسلح فورسز کو ایسے کسی بھی اقدام پر ردعمل کا حق حاصل ہے"۔

نتانز ایران کا اہم یورنیم افزدہ کرنے کا مرکز ہے جہاں سولہ ہزار سے زائد سینٹی فیوجز موجود ہیں۔

اسرائیل کی جانب سے اکثر ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کی دھمکی سامنے آتی رہتی ہے۔

ایران اور دیگر عالمی طاقتوں کے درمیان مذاکرات پر بھی اسرائیل کا یہ موقف سامنے آچکا ہے کہ وہ تہران کو یورنیم افزدہ کرنے کا پروگرام جاری رکھنے کی اجازت کسی صورت نہیں دے گا کیونکہ اسے ڈر ہے کہ ایران اس مواد سے ایٹم بم بنا سکتا ہے۔

تاہم ایران کی جانب سے مسلسل اس بات کی تردید کی جاتی رہی ہے کہ وہ جوہری ہتھیار تیار کرنے کا خواہشمند ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Akhtar Ali Aug 24, 2014 08:31pm
I like your news so much.Your news contains on real facts.