اہم ترین


پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف کے مستعفی ہونے تک دھرنا جاری رکھنےکا اعلان کردیا۔

پی ٹی آئی کے 'آزادی' مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کے کارکن وزیراعظم کے استعفے تک سرینہ چوک نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے پاس استعفے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا اور وہ استعفیٰ دے کر دوبارہ الیکشن کرائیں۔

پس منظر:

پاکستان تحریک انصاف کا آزادی مارچ اور پاکستان عوامی تحریک کا انقلاب مارچ جمعہ کی شب اسلام آباد پہنچ گیا تھا جبکہ پی ٹی آئی نے دھرنا دے دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے آزادی مارچ اور عوامی تحریک انصاف کے انقلاب مارچ کا آغاز چودہ اگست کی دوپہر کو لاہور سے ہوا تھا جو قافلوں ک صورت میں اسلام آباد پہنچا ہے۔

شدید بارش کے دوران اسلام آباد آمد کے بعد ہفتے کی صبح مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے ایک بار پھر وزیراعظم نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب ڈاکٹر طاہر القادری کی سربراہی میں 'انقلاب مارچ' بھی اب اپنی منزل پر پہنچ گیا ہے، جبکہ عوامی تحریک نے زیرو پوائنٹ پر جلسے کی حکومتی پیشکش کو مسترد کردیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان مسلم لیگ ن پر گزشتہ سال ہونے والے عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کررہے ہیں، اور ان کا عزم ہے کہ وہ آزادی مارچ کے ذریعے ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرکے ایک حقیقی جمہوریت لے کر آئیں گے۔

نواز شریف کے استعفے کے ساتھ ساتھ عمران خان کا ایک مطالبہ یہ بھی ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کرنے والوں کو سزائیں دی جائیں اور اس کی آزادانہ انکوائری کرتے ہوئے ایک نیا الیکشن کمیشن قائم کیا جائے۔

وزیراعظم نوازشریف نے قوم سے اپنے حالیہ خطاب میں عمران خان کے جوڈیشل کمیشن بنانے کے مطالبے کو تسلیم کرلیا تھا، جس کو عمران خان نے یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ اب وہ وزیراعظم سے استعفیٰ لیے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔

ادھر پاکستان عوامی تحریک نے پہلے ہی اعلان کر رکھا ہے کہ ان کا انقلاب مارچ آزادی مارچ کے ساتھ ساتھ چلے گا۔

تحریک انصاف کے آزادی اورعوامی تحریک کے انقلاب مارچ کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ خبروں سے آگاہ رکھنے کے لیے ڈان اردو لائیو کوریج پیش کررہا ہے۔

پہلا دن: 'آزادی' اور 'انقلاب' مارچ کے شرکاء کی تعداد توقعات سے زیادہ

دوسرا دن: عمران خان کا نوازشریف کے استعفے تک دھرنا جاری رکھنےکا اعلان


جگہ کم ہونے کی وجہ سے پارلیمنٹ کی جانب بڑھنا ہوگا۔


تحریک انصاف کےسربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ جگہ کم ہونے کی وجہ سے انہیں پارلیمنٹ کی جانب بڑھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ڈرنے کی ضرورت نہیں ہمارے ساتھ خواتین اور بچے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں